Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں
September 29, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں ۔ مرغی، سبزیاں، پھل، سبھی غریب کی پہنچ سے دور ہو گئے۔ اتوار بازاروں میں بھی شہری ریلیف سے محروم ہیں۔ اسلام آباد میں مرغی کا گوشت 310 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ لاہور میں مرغی کا گوشت 258 روپے میں  فروخت ہو رہا ہے۔ انڈوں کی قیمت 106 روپے فی درجن ہو گئی ۔ اتوار بازاروں میں بھی شہری ریلیف سے محروم ہیں ۔ ٹماٹر 100 روپے ، لہسن 172 روپے، ادرک 260 روپے  میں بیچی جارہی ہے۔ کراچی میں پیاز نے سنچری بنا ڈالی ۔ ٹماٹر کی قیمت سن کر گال لال ہورہے ہیں ۔  ہری مرچ 80 روپے میں صرف پاؤ ملے گی۔ گوبھی  ایک سو 20 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔ کوئٹہ میں بھی مہنگائی عروج پر ہے۔ سبزیوں کی فی کلو قیمت میں 25 سے 30 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔ سبزی منڈیوں میں ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہونے اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال نہ ہونے سے من مانے نرخ وصول کیے جارہے ہیں۔ پشاور میں زندہ  مرغی کی قیمت ڈبل سنچری کراس کر چکی ہے۔ فیصل آباد میں مرغی کا گوشت 284 فی کلو ہے۔ سبزیوں کی بات کریں تو آلو 60 روپے، ادرک 300 روپے کلو تک پہنچ گئی ۔ لہسن 350 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ہر ہنڈیا کا لازمی جزو پیاز کی قیمتیں بھی  آنسو نکال رہی ہیں  اور تو اور کریلا 200 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے۔