Thursday, March 28, 2024

ملک بھر میں اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بھی بےتحاشا اضافہ

ملک بھر میں اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بھی بےتحاشا اضافہ
January 17, 2021

کراچی (92 نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کا نیا طوفان آ گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کے بعد اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافہ ہو گیا۔

 مہنگائی کی چکی میں پِسی عوام کی پریشانیاں دور ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بجٹ آؤٹ کر دیا لیکن سندھ حکومت اور کمشنر کراچی نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ کراچی میں آٹا، چاول، دالوں، سبزی اور دودھ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ بچت بازار بھی برائے نام ہی رہ گئے اور یہاں بھی قیمتیں عام شہری کی پہنچ سے دور ہیں۔ دال ماش240 روپے ، دال چنا 140 ، 120 روپے کلو اور آٹے کا تھیلا 750 روپے کا دستیاب ہے۔ سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔  گوار پھلی 320 روپے، ہری مرچ 150 روپے، ادرک400 روپے، دیسی لہسن 320 روپے، بھنڈی 250 روپے کلو مل رہا ہے۔

پنجاب میں سہولت بازاروں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خیبرپختونخوا میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے مہنگا اور مرغی کے گوشت کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے صوبائی حکومت اور انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہو چکی ہیں اور منافع خور من مانیاں کرتے پھر رہے ہیں۔