Tuesday, April 16, 2024

ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری

ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری
December 22, 2017

راولپنڈی (92 نیوز) فسادیوں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری ہے۔
جنوبی پنجاب اور سبی میں فورسز کی کارروائیوں میں چھ دہشت گرد ہلاک، تین گرفتار اور تین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دہشت گردوں کی طرف سے کرسمس کی خوشیاں غم میں بدلنے کی کوشش نا کام بنا دی گئی۔
بلوچستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی نے سبی میں دو الگ الگ آپریشن کیے جس میں چار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی خفیہ پناہ گاہ پر آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی پکڑا گیا۔
دوسری طرف ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ایک دہشت گرد کی شناخت اجمل کے نام سے ہوئی اور تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
ادھر مظفرگڑھ شہرکے وسط میں قائم چرچ کے قریب کارروائی ہوئی جس میں تین دہشت گرد پکڑے گئے۔
گرفتار دہشت گروں کی نشاندہی پر تین ہینڈ گرینڈ بھی برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اوکاڑہ سے ہے۔
تینوں شر پسند کالعدم تنظیم کیلیے کام کر رہے تھے۔