Sunday, May 12, 2024

ملک بھر میں آٹے کا بحران، لاہور اور کراچی میں چکی کا آٹا 70 روپے فی کلو ہوگیا

ملک بھر میں آٹے کا بحران، لاہور اور کراچی میں چکی کا آٹا 70 روپے فی کلو ہوگیا
January 19, 2020
لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں آٹے کا بحران سنگین ہوگیا،لاہور اور کراچی میں بھی چکی کے آٹے کی قیمت 70روپے فی کلو ہو گئی۔ پنجاب میں بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔ لاہور میں شہریوں کے لئے آٹا خریدنا مشکل ہوگیا، آٹا چکی مالکان 70 روپے کلو میں آٹا فروخت کرنے پر بضد ہو گئے۔ جنرل سیکرٹری آٹا چکی ایسوسی ایشن عبدالرحمٰن کے مطابق اوپن مارکیٹ سے گندم فی من 2100 سے 2200 روپے میں مل رہی ہے حکومت ہمیں 1850 روپے فی من معیاری گندم دے گی تو 64 روپے کلو آٹا فروخت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر زبردستی آٹا 60 روپے فی کلو فروخت کرنے پر مجبور کیا گیا تو چکیاں بند کر دیں گے، آٹے کی پیسائی پر فی کلو 8 روپے خرچہ آ رہا ہے، صفائی پر 2 روپے فی کلو خرچ ہو رہا ہے، آٹے کی فی کلو لاگت بغیر منافع 70 روپے سے زائد ہے اس کے باوجود ہم 70 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں۔ آٹے کے بحران کے باعث تنور مالکان بھی روٹی اور نان مہنگا کرنے پر تل گئے، صدر فلور ملز ایسوسی ایشن کہتے ہیں انہوں نے قیمت نہیں بڑھائی، چکی والوں نے آٹا مہنگا کیا ہے۔