Sunday, May 12, 2024

ملک بھر میں آٹے کا بحران، قیمت میں 20 روپے فی کلو تک اضافہ

ملک بھر میں آٹے کا بحران، قیمت میں 20 روپے فی کلو تک اضافہ
January 17, 2020
لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں فی کلو آٹا 20 روپے تک مہنگا کر دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کہتےتھے نیا سال آئے گا تو خوشحالی آئے گی، مگراب تک تو الٹی گنگا ہی بہہ رہی ہے۔ حکومت ایک طرف یوٹیلیٹی اسٹورز کھول کر عوام کو ریلیف دینے کا دعویٰ کر رہی ہے تو دوسری طرف غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوگیا، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں آٹا مزید مہنگا ہوگیا۔ حکومت غریب کے منہ سےنوالا چھین رہی ہے مہنگائی، دو وقت کی روٹی بھی مشکل ہوگئی، ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، چکی مالکان اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کو بنیاد بناکر مال بنانے میں مصروف ہیں۔ لاہور میں چکی کا آٹا 6 روپے کلو مزید مہنگا ہوگیا، چکی مالکان نے ازخود ہی قیمت 70 روپے کلو مقرر کردی، 3 ماہ کے دوران فی کلو آٹا 20 روپے مہنگا ہوچکا ہے، مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہری چکی کا آٹا کھانے کی صرف حسرت کرسکتے ہیں۔ رواں سال کے شروع میں 1800 روپے من میں فروخت ہونے والا آٹا اب 2800 روپے من ملا کرے گا، شہریوں کا کہنا ہے بنیادی ضروریات تو حاصل کرنا پہلے ہی مشکل تھا، باقی کسر آٹے کی قیمت میں لگے چوتھے گئیر نے پوری کردی۔ آٹا چکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبد الرحمٰن نے قیمت مزید بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کردیا۔ دوسری طرف پنجاب میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا پنجاب میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ حکومت نے 20 کلو آٹے کے بیگ کا ریٹ 805 روپے مقرر کیا لیکن مارکیٹ میں آٹا 840 روپے سے 850 روپے تک بلیک میں فروخت ہو رہا ہے۔ فلور ملز کے مطابق گندم نہ ملنے سے آٹے کا بحران پیدا ہوا ہے۔ غریب آدمی کو روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے آٹے کے بحران کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔ کراچی میں بھی ڈھائی نمبر فی کلو آٹا 62 روپے، فائن آٹا 65 روپے جبکہ چکی کا آٹا 70 روپے تک پہنچ گیا۔ دکانداروں اور چکی مالکان کا کہنا ہے گندم مہنگی ہونے پر آٹے کی قیمت بڑھی۔ دیر بالا میں سرکاری آٹا نہ ملنے کیخلاف شہریوں کا صبر جواب دے دیا،سیکڑوں افراد نے دیر چترال مین شاہراہ بند کردی مہنگائی نے شدید سرد موسم میں عوام کو چکرا کر رکھ دیا، حکومتی اداروں کا ماننا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا لیکن روکنے کے اقدامات نہیں کوئی بھی نہیں کررہا۔