Sunday, September 8, 2024

ملک بھر میں آج پھر شٹرڈاﺅن ہڑتال !!! تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس قبول کرنے سے انکار کر دیا

ملک بھر میں آج پھر شٹرڈاﺅن ہڑتال !!! تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس قبول کرنے سے انکار کر دیا
August 5, 2015
لاہور / کراچی / اسلام آباد / پشاور / کوئٹہ (92نیوز) ودہولڈنگ ٹیکس کےخلاف لاہور، کراچی، کوئٹہ ،پشاور ،راولپنڈی، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں تاجر آج بھی سراپا احتجاج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یکم اگست کی کامیاب ہڑتال کے بعد ملک بھر کے تاجر آج پھر شٹرڈاﺅن کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ تاجروں نے کہا ہے کہ ہمیں نہ اعشاریہ چھ فیصد ٹیکس قبول ہے اور نہ ہی اعشاریہ تین فیصد۔ تاجروں نے ٹیکس کی واپسی تک بات چیت سے بھی انکار کر دیا ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران نے آج کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ صدر خالد پرویز نے کہا ہے کہ پورے ملک کے تاجر ہڑتال میں شامل ہونگے۔ ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ سے پچاس ارب روپے کا سرمایہ بنکوں سے نکل گیا، حکومت کو مشورے دینے والے ہوش کے ناخن لیں۔ ملک بھر کے تاجر رہنماوں نے ایک مرتبہ پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کا فیصلہ واپس لیا جائے ورنہ پہیہ جام ہڑتال ہو گی۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی آج تاجر ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ہڑتال کر رہے ہیں۔ بنکوں سے رقم کی لین دین پرعائدودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف آل کراچی تاجراتحاد کی اپیل پر آج کراچی میں بھی شٹرڈاون ہڑتال ہے۔ آل کراچی تاجراتحاد کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بینکوں سے لین دین پر ٹیکس سے معیشت تباہ ہو جائےگی۔ جڑواں شہروں کی تاجر برادری ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف آج پھر شٹر ڈاون ہڑتال کر رہی ہے۔