Friday, May 3, 2024

ملک بھر میں 8 ویں محرم الحرام پر شبیہ ذوالجناح اور علم کے جلوس برآمد

ملک بھر میں 8 ویں محرم الحرام پر شبیہ ذوالجناح اور علم کے جلوس برآمد
August 29, 2020
لاہور (92 نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں 8 ویں محرم کے جلوس نکالے گئے، عزاداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جلوسوں کی سکیورٹی کے  سخت انتظامات دیکھے گئے، کئی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔ ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں آٹھویں محرم الحرام کے موقع پر شبیہ ذوالجناح اور علم کے جلوس برآمد ہوئے، عزاداروں کا شہدائے کربلا کو پرسا۔ لاہور میں آٹھویں محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح اور علم کا جلوس پام اسٹریٹ سے نکالا گیا اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اسلام آباد میں آٹھ محرم الحرام کا ماتمی جلوس جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور سے نکالا گیا جو جامعہ الصادق پر ختم ہوا، جلوس کے شرکاء نے نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر کے شہدائے کربلا کو پرسہ پیش کیا۔ فیصل آباد میں چھوٹے بڑے چونسٹھ جلوس نکالے گئے،، سرگودھا میں بلاک نمبر بیس سے شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نکالا گیا جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ بلاک سات پر ختم ہوا۔ رینالہ خورد، اٹک، ٹنڈو محمد خان، میرپور خاص اور ہری پور میں بھی آٹھ محرم الحرام کے موقع پر شبیہ ذوالجناح اور علم کے جلوس نکالے گئے، شرکاء نے معصومین کربلا کی یاد میں ماتم اور نوحہ خوانی کی۔ دوسری طرف لاہور میں نویں اور دسویں محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان مکمل کرلیا گیا، ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی پر 8 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران تعینات ہونگے۔