Friday, May 10, 2024

ملک بھر میں 50 روزہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد کاروبار کھل گیا

ملک بھر میں 50 روزہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد کاروبار کھل گیا
May 11, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں 50 روزہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد کاروبار کھل گیا، تاجر حضرات پیر سے جمعرات تک کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے تاہم انہیں حکومت کے طے کردہ ایس او پی پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ طویل لاک ڈاؤن کے بعد کاروباری زندگی بحال ہوگیا،50 روز شٹر ڈاؤن رہے، کاروبار کھلا تو دکانداروں کی جان میں بھی جان آئی، شہریوں کی بڑی تعداد بھی تمام تر حفاظتی تدابیر بھلاکر خریداری کرنے مارکیٹوں میں پہنچ گئی۔ پنجاب میں 50 دن بعد کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا، تاجروں کو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے ساتھ پیر سے جمعرات تک کاروبار کرسکیں گے، دکاندار بھی مارکیٹ کھلنے پر خوش ہوئے اور کہا مالی حالات خراب ہو چکے تھے۔ بلوچستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کاروبارکھل گئے،بازاروں کی گہماگہمی بڑھ گئی، بلوچستان میں مارکیٹیں صبح تین سے شام پانچ بجے تک کھلیں گی، مردوں کے جیبوں کو خالی کرانے کیلئے خواتین اور بچوں نے شاپنگ سنٹرز کا رخ کرلیا۔ خیبرپختونخوا میں لاک ڈاؤن میں50دن بعد نرمی ہوئی تو بازار آباد ہوگئے،مارکیٹوں کی رونقیں لوٹ آئیں، شہری دن کے آغاز سے ہی عید کی خریداری کےلئے پہنچ گئے، شہری اور دکاندار دونوں ہی خوش نظر آتے ہیں۔ پنجاب میں کنسٹرکشن سیکٹر، ایکسپورٹ انڈسٹری، ریٹیلرز شاپس اور حجام و بیوٹی سیلون8 سے 5 بجے تک کھلیں گے، گراسری،کریانہ اسٹور، پھلوں،سبزیوں سمیت اشیائے خورونوش کی دکانیں پورا ہفتہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلی رہیں گی۔ پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں پٹرول پمپ،ڈرائیور ہوٹلزاور دیگر ٹیک اوے سروسز 24 گھنٹے جاری رہیں گی، تمام بڑے شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، مارکیز اور تعلیمی اداروں پر پابندی برقرار رہے گی۔