Saturday, May 11, 2024

ملک بند کر کے کورونا وباء کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اسد عمر

ملک بند کر کے کورونا وباء کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اسد عمر
July 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بند کر کے کورونا وباء کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، جیسے ہی وباء کم ہوتی ہے لوگ سمجھتے ہیں وباء ختم ہوگئی، وباء سے مکمل طور پر باہر نکلنا چاہتے ہیں تو ویکسین ہی حل ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، یکم اگست تک ویکسین نہ لگانے والے جہاز پر سفر نہیں کر سکیں گے، یکم اگست تک ویکسین نہ لگوانے والے اساتذہ  پڑھا نہیں سکیں گے۔ اسکول ٹرانسپورٹ کے لئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے۔

اسد عمر نے کہا، 31 اگست سے ڈرائیور، کنڈکٹر، اسٹاف پر بھی پابندی ہوگی، ویکسین کے حوالے سے طلباء کے لئے 31 اگست کی ڈیڈ لائن ہوگی۔ کہا کہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی 31 اگست  تک ویکسین لگانے کے پابند ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا، چاہتے ہیں کسی کا روز گار متاثر نہ ہو اور معیشت چلتی رہے، ڈیٹا اور تجربے کو مد نظر رکھ کر ہم نے فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھر میں ویکسی نیشن کے لئے منظم مہم جاری ہے۔

سربراہ این سی او سی بولے کہ، سندھ اور بلوچستان میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی شرح کم ہے، سندھ حکومت کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، اس کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں سمجھتے۔