Thursday, April 25, 2024

ملٹری گاڑی پر حملہ: کراچی پولیس کا دہشت گردوں کے قریب پہنچنے کا دعویٰ

ملٹری گاڑی پر حملہ: کراچی پولیس کا دہشت گردوں کے قریب پہنچنے کا دعویٰ
December 2, 2015
کراچی (92نیوز) ڈی آئی جی ساوتھ کراچی نے ملٹری پولیس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے قریب پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے۔ رینجرز نے حملہ آوروں کی اطلاع دینے پر 25لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ڈی آئی جی ساوتھ ڈاکٹرجمیل نے بتایا کہ ملٹری پولیس پر حملے میں القاعدہ اور طالبان سمیت مقامی تنظیم کے عسکری ونگ کے ملوث ہونے کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔ عینی شاہدین کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کافی مددگار ثابت ہوئی۔ انہوں نے حملہ آوروں کے بہت قریب پہنچنے کا دعویٰ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے سے کس کوفائدہ ہو سکتا ہے اس پہلوکی بھی تحقیقات کر رہے ہیں اور جیو فینسنگ کیلئے متعلقہ اداروں کو خط لکھ چکے ہیں۔ ڈی آئی جی ساوتھ نے بتایا کہ گزشتہ رات گرفتار مشتبہ افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائےگا۔ دوسری جانب رینجرز نے حملہ آوروں کی اطلاع دینے پر پچیس لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ ترجمان نے اپیل کی کہ ملزموں کی اطلاع ہیلپ لائن ”ڈبل ون زیرو ون“ پر دی جائے۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائےگا۔