Tuesday, April 16, 2024

ملنگا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر، سری لنکن صدر اور ہزاروں شائقین نے اپنے ہیرو کو الوداع کیا

ملنگا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر، سری لنکن صدر اور ہزاروں شائقین نے اپنے ہیرو کو الوداع کیا
July 26, 2019
کولمبو (92 نیوز) بیٹسمینوں کیلئے خوف کی علامت، کنگ آف یارکر اور سری لنکن فاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوگئے۔ ملنگا نے بنگلہ دیش کیخلاف آخری ون ڈے میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا نے 91 رنز سے میچ اپنے نام کیا۔ کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں یارکر کنگ کو الوداع کہنے کیلئے سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا، وزرا، ہزاروں شائقین اور سابقہ کھلاڑی موجود تھے، سری لنکن اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے لاستھ ملنگا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ لاستھ ملنگا نے اپنی شہرہ آفاق یارکرڈلیوری پربنگلہ دیشی کپتان تمیم اقبال کو بولڈ کیا تو اسٹیڈیم تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا۔ عظیم فاسٹ باؤلر نے 226ون ڈے میچوں میں338 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا 2014میں لاستھ ملنگا کی قیادت میں ہی ٹی ٹونٹی چیمپئن بنا تھا۔ سوشل میڈیا پر بھی دنیائے کرکٹ کے عظیم انٹرٹینر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تھینک یوملنگا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ صارفین کی جانب سے لاستھ ملنگا کو خراج تحسین پیش  کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔