Friday, April 19, 2024

ملزمان دس ماہ میں بھی اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکے ، نیب حکام

ملزمان دس ماہ میں بھی اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکے ، نیب حکام
July 6, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈریفرنس کے فیصلے کے بعد نیب حکام نے احتساب عدالت کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ دس ماہ تک ملزمان کو صفائی کا موقع دیا گیا مگر وہ اپنی بے گناہی ثابت نہیں کر سکے۔ فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔ احتساب عدالت کے باہر پبلک  سے گفتگو میں نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی لندن پراپرٹی بحق سرکار ضبط ہو گی۔ تفصیلی فیصلے کی بعد جائیداد ضبط کرنے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا نواز شریف اور مریم نواز کو جرمانے کی رقم بھی ادا کرنی ہو گی تاہم کیپٹن صفدر کو جرمانہ نہیں ہوا ۔ کیپٹن صفدر اور مریم نواز دس سال کے لئے کسی بھی سرکاری عہدے کے لئے نا اہل ہو چکے ہیں۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر عمران شفیق نے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز اور صفدر 10 سال تک کوئی قرضہ لے سکتے ہیں نہ ہی دیگر معاشی سہولت میں مجرموں کو اپیل کا حق حاصل ہے ۔ دس یوم کے اندر وہ ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں تاہم اسکے لئے پہلے سرنڈر کرنا لازم ہے ۔ نیب حکام کے مطابق عدالت نےحسن اورحسین نوازکےمستقل غیر حاضر ہونے پر ان کے خلاف خلاف فیصلہ نہ سنایا تاہم ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں ۔ ادھر الیکشن کمیشن نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی نا اہلی کے باعث دونوں حلقوں میں بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے جائیں گے۔