Tuesday, April 30, 2024

ملتان: نوجوان کے مبینہ اغوا میں ملوث پی ٹی آئی کے ایم پی اے سمیت تیرہ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج

ملتان: نوجوان کے مبینہ اغوا میں ملوث پی ٹی آئی کے ایم پی اے سمیت تیرہ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج
October 16, 2015
ملتان (نائنٹی ٹو نیوز) ملتان پولیس نے نوجوان کے مبینہ اغوا میں ملوث پی ٹی آئی کے ایم پی اے سمیت تیرہ ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایم پی اے ظہیر الدین علی زئی کا کہنا ہے کہ ساکھ خراب کرنے کیلئے جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ سابق ڈپٹی کمشنر کے بیٹے مہر منیر کو گزشتہ سال مارچ میں رحیم کالونی سے اغوا کیا گیا تھا۔ مغوی کے والد کے مطابق منیر کو مدثر، ناصر اور یاسین نے ساتھیوں کیساتھ مل کر اغوا کیا اور گوجرانوالہ لے گئے اور رہائی کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ مہر منیر کے والد نے تحریک انصاف کے ایم پی اے ظہیر الدین علی زئی کےاکاؤنٹ نمبر 28558 پر بنک ڈرافٹ کے ذریعے رقم منتقل کی جس پر اس کے بیٹے کی بازیابی عمل میں آئی۔ مغوی کے والد نے تھانہ چہیلک میں مقدمے کی درخواست دی جس پر پولیس نے دفعہ تین سو پینسٹھ اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں تحریک انصاف کے ایم پی اے ظہیرالدین علی زئی کو بھی نامزد کیا گیا ہے تاہم ایم پی اے کا کہنا ہے کہ ان کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا ہے جس پر وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بزنس ڈیل کو اغوا کا رنگ دیا جا رہا ہے۔