Thursday, April 25, 2024

ملتان میں گوالوں کے لئے بنائے جانے والے منصوبے میں کروڑوں کی خورد برد کا انکشاف

ملتان میں گوالوں کے لئے بنائے جانے والے منصوبے میں کروڑوں کی خورد برد کا انکشاف
March 3, 2019
ملتان ( 92 نیوز ) ملتان میں گوالوں کے لیے بنائے جانے والے منصوبے میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ۔ ضلع کونسل چیئرمین کے جعلی دستخط کر کے رہن شدہ کروڑوں روپے کی اراضی گوالا منصوبہ کے نام پر فروخت کر دی گئی۔ ضلع کونسل حکام نے گوالا منصوبہ کے مالکان سابق ایم پی اے اسحاق بچہ اور ان کے بیٹوں کے خلاف کارروائی کے لئے اینٹی کرپشن حکام سے رجوع کر لیا ہے۔ ملتان میں متی تل روڈ پر 2003 میں گوالوں کے لئے رہائشی منصوبہ شروع کیا گیا تھا ۔ جس میں کروڑوں روپے کا فراڈ سامنے آ گیا ہے ۔ منصوبہ مالکان نے جعلسازی کر کے رہن شدہ 19 کنال اراضی بیچ کر کروڑوں روپے بٹور لئے۔ ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے عملہ کی ملی بھگت سے 84 کنال رقبہ کی رہن بھی ختم کروا لی گئی جبکہ جولائی 2017 میں جعلی رپورٹ اور جعلی احکامات کے ذریعے مبینہ طور پر 63 کروڑ روپے کا فراڈ کیا گیا ۔ دوسری جانب 14 سال گزرنے کے باوجود بھی ترقیاتی کام نہ ہونے پر علاقہ مکین پریشان ہیں۔فراڈ کا معاملہ سامنے آنے پر ضلع کونسل حکام نے گوالا منصوبہ کے مالکان سابق ایم پی اے اسحاق بچہ اور ان کے بیٹوں کے خلاف کارروائی کے لئے اینٹی کرپشن حکام سے رجوع کر لیا ہے۔