Thursday, April 25, 2024

ملتان ، وکلاء کی نیو جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ ، عدالتوں پر پتھراؤ بھی کیا

ملتان ، وکلاء کی نیو جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ ، عدالتوں پر پتھراؤ بھی کیا
December 13, 2017

ملتان ( 92 نیوز ) ملتان میں ضلع کچہری کی نیو جوڈیشل کمپلیکس میں منتقلی کے معاملے اور سہولتوں کے فقدان پر وکلاء پرانی کچہری سے بسوں کے زریعے نیو جوڈیشل کمپلیکس پہنچے اور پولیس کی موجودگی کے باوجود شدید توڑ پھوڑ بھی کی۔
نیو جوڈیشل کمپلیکس میں سہولتوں کے فقدان پر ملتان کے وکلاء سراپا احتجاج ہو گئے ۔ وکلاء پرانی کچہری سے بسوں پر ریلی کی صورت میں نیو جوڈیشل کمپلیکس پہنچے اور بھاری پولیس تعینات ہونے کے باوجود عدالتوں پر پتھراؤ کر کے شدید توڑ پھوڑ کی۔
مشتعل وکلاء نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی عمارت میں گھس کر پتھراؤ کیا اور کھڑکیوں کے شیشوں اور دروازوں کی توڑا جبکہ ساتھی وکلاء مشتعل وکلاء کو روکنے کی کوششیں کرتے رہے۔ وکلاء نے ہائیکورٹ بار کے صدر شیر زمان قریشی کی موجودگی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔
وکلاء کے ہنگامے کے باعث شیشے لگنے سے 2 وکلاء سمیت 1 صحافی زخمی ہو گیا۔ وکلاء کی ہنگامہ آرائی پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پہنچی جبکہ ڈی سی او ملتان نادر چھٹہ اور سی پی او ملتان سرفراز فلکی نے نیو جوڈیشل کمپلیکس پہنچ کر تمام صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔
صدر ہائیکورٹ بار شیر زمان قریشی نے اعلان کیا کہ آئندہ 3 روز تک ہڑتال جاری رہے گی جبکہ ایمرجنسی کیسز بھی وکلاء نہیں لیں گے۔
وکلاء کا کہنا ہے کہ نیو جوڈیشل کمپلیکس میں نا پینے کا صاف پانی ہے اور نا ہی بیٹھنے کی مناسب جگہ، جبکہ وکلاء کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ عدالتوں کو پرانی کچہری واپس منتقل کیا جائے ۔