Friday, March 29, 2024

ملتان میں ایک ہی برادری کے 95 افراد قوت سماعت اور گویائی سے محروم

ملتان میں ایک ہی برادری کے 95 افراد قوت سماعت اور گویائی سے محروم
December 20, 2018
ملتان (92 نیوز) ملتان کے نواحی علاقہ بستی آرائیاں کے ایک ہی برادری کے 95 افراد قوت سماعت اور گویائی سے محروم ہیں- اشاروں کنایوں کی زبان میں باتیں کرتے یہ افراد حکومتی مدد کی راہ تک رہے ہیں۔- آنکھوں میں حسرت و یاس لئے اشاروں کی زبان میں اپنے جواں سال پوتے سے باتیں کرتی یہ ہے بستی آرائیاں کی گونگی بہری 77 سالہ سعیداں مائی جس نے پوری زندگی یونہی اشاروں کنایوں میں گفتگو کرتے ہی گزار دی۔ قوت سماعت اور گویائی سے محروم  ہونے کا دکھ پوری بستی کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے - اس بدقسمت بستی کے 95 بچے بڑے ، مرد و خواتین گونگے بہرے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں گونگے بہرے افراد کی موجودگی کے باوجود اس بستی میں سپیشل ایجوکیشن کے لئے کوئی سرکاری سکول قائم نہیں کیا گیا - انتظامیہ کی مزید ستم ظریفی تو دیکھئے آج تک کسی نے حکومتی خدمت کارڈ سکیم کے ذریعے بھی ان افراد کی داد رسی کرنا گوارا نہیں کیا - معذوری کے سرکاری سرٹیفیکیٹ بھی سرکار کو ان کی مدد پر آمادہ نہ کر سکے۔ اہل علاقہ کہتے ہیں کہ ایک ہی بستی کے 95 افراد میں گونگے اور بہرے پن کی وجوہات تلاش کرنے کے لیے طبی ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ آنے والی نسلیں اس معذوری کا شکار نہ ہوں۔