Thursday, April 25, 2024

ملتان میٹرو بس کرپشن کیس ، تین تعمیراتی کمپنیاں نقصان کی ادائیگی کیلئے تیار

ملتان میٹرو بس کرپشن کیس ، تین تعمیراتی کمپنیاں نقصان کی ادائیگی کیلئے تیار
May 13, 2019
ملتان ( 92 نیوز) ملتان میٹرو بس کرپشن کیس میں  3 تعمیراتی کمپنیاں نقصان کی ادائیگی کے لئے تیار ہو گئیں ،ذرائع کے مطابق تینوں تعمیراتی کمپنیوں نے نقصان کی ادائیگیوں کیلئے درخواستیں دے دیں۔ معاملے پر حتمی فیصلہ نیب ایگزیکٹو بورڈ کرے گا۔ گزشتہ برس 13 ستمبر کو ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کے حوالے سے سینٹ کی خزانہ کمیٹی میں چشم کشا انکشافات کئے گئے تھے ۔ ملتان میٹرو منصوبے میں ایک ارب 84کروڑ41لاکھ کی کرپشن ہوئی ،  چیئرمین ایس ای سی پی نے تسلیم کرلیا کہ یابیٹ نامی جس کمپنی کے ذریعے رقم چین منتقل کرنے کا الزام ہے  وہ کمپنی پاکستان میں ہی کام کررہی ہے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اس سارے معاملے میں جے وی نامی ایک اور کمپنی پر بھی مبینہ منی لانڈرنگ کا الزام آرہا ہے۔ جو حبیب رفیق کنسٹریکشن سے تعلق رکھتی ہے۔

ملتان میٹرو پراجیکٹ میں کرپشن  ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹسز جاری کر دیئے

چیئرمین ایس ای سی پی کاکہنا تھا کہ رقم دبئی، ماریشس اور ہانگ کانگ سے منتقل کی گئی۔ چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے حقائق چھپانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔ حقائق کو چھپانے دینگے نہ ملوث افراد کو بچانے دینگے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ حبیب رفیق کنسٹریکشن سے تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں۔ 8ماہ تک تحقیقات کو کیوں لٹکایا گیا؟ ایف آئی اے سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا۔ کیا کسی نے حبیب رفیق کنسٹریکشن اور جے وی کمپنی کے درمیان تعلقات کی تحقیقات کیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ایس ای سی پی کے حکام کو حکم دیا کہ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی جائیں اور کمیٹی کو تحریر ی جواب دیا جائے۔ بصورت دیگر ایس ای سی پی کے سارے کمشنرز کو کمیٹی میں طلب کرلیں گے۔