Wednesday, May 8, 2024

ملتان: سیزنل انفلیوئنزا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی

ملتان: سیزنل انفلیوئنزا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی
January 16, 2018

ملتان (92 نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سیزنل انفلیوئنزا کا وار جاری ہے۔ نشتر اسپتال میں زیر علاج 2 مریض دم توڑ گئے۔ ایک ماہ کے دوران نشتراسپتال میں انفلوئنزا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی۔
ملتان کے نشتر اسپتال میں زیر علاج موسمی زکام کے 2 مزید مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون سمیت 2 افراد شامل ہیں جن کا تعلق ملتان سے ہے۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق نشتر اسپتال میں مجموعی طور پر 186 افراد سیزنل انفلوئنزا کے شبے میں لائے گئے جن میں سے 100 مریضوں میں اس موذی مرض کی تصدیق ہوئی جبکہ 23 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
سیزنل انفلوئنزا کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت کی کاوشیں بھی ناکامی سے دو چار ہیں جس کے باعث موسمی زکام کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
گزشتہ 12 گھنٹے کے دوران مزید 7 افراد کو سیزنل انفلوئنزا کے شبہ میں نشتر اسپتال لایا گیا جس کے بعد زیر علاج مریضوں کی تعداد 33 ہو گئی۔