Saturday, May 4, 2024

ملتان: سیزنل انفلوئنزا سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی

ملتان: سیزنل انفلوئنزا سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی
January 8, 2018

ملتان (92 نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سیزنل انفلوئنزا بے قابو ہو گیا۔ نشتر اسپتال میں 30 سالہ خاتون کی ہلاکت کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہو گئی۔ 2 مزید لیڈی ڈاکٹرز بھی سیزنل انفلوئنزا سے متاثر ہو گئیں۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سیزنل انفلیونزا سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
نشتر اسپتال میں زیر علاج خاتون زندگی کی بازی ہار گئی جس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 17 ہو گئی جبکہ ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے اسپتالوں میں بھی موسمی نزلہ سے 5 مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
انسانی جانوں کے ضیاع پر شہری تشویش کا شکار ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے وائرس پر قابو پانے کے دعوے تو کیے گئے۔ نشتر اسپتال میں انفلیونزا کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا لیکن مریضوں کی تعداد کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں سیزنل انفلیونزا سے بچاؤ والا ٹیکہ صرف ان مریضوں کو لگایا جا رہا ہے جن میں اس مرض کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ وباء سے بچنے کے لئے شہریوں کو صرف "ٹیمی فلو نامی " اینٹی وائرل گولیاں دی جا رہی ہیں۔