Friday, April 26, 2024

کرس لین کی سینچری نے لاہور قلندرز کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا

کرس لین کی سینچری نے لاہور قلندرز کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا
March 15, 2020
کراچی ( 92 نیوز) پی ایس ایل سیزن فائیو کا رنگا رنگ میلہ پاکستان میں جاری ہے جہاں لاہور قلندرز  کے کرس لین کی سینچری نے  اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا کر  ملتان سلطانز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی  ۔ قلندرز نے  187 رنز کا ہدف  صرف 1وکٹ کے نقصان پر  پورا کرلیا۔ ایونٹ کے 29 ویں میچ میں  لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر  ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے ۔ ملتان سلطانز کے اوپنرز شائقین کی توقعات پر پورا نہ اتر سکے اور معین علی ایک ، ذیشان اشرف دو رنز بنا کر  آؤٹ ہو گئے ۔ کپتان شان مسعود نے 42،روی بوپارا نے 33 رنز بنائے ،اسد شفیق ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ روہیل نذیر کی مزاحمت بھی 24 رنز تک رہی ۔ خوشدل شاہ  نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 29 گیندوں پر70 رنز بنا ئے اور ناقابل شکست رہے ، ان کی اننگز 6 چھکوں اور پانچ چوکوں سے مزین تھی ۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ وائس نے دو دو جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ ہدف کے تعاقب میں  لاہور قلندرز نے شاندار  بلے بازی کا مظاہرہ کیا  اور 18.5اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ اوپنرزنے 100 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ،  فخر زمان نے 35 گیندوں پردو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے ۔ کرس لین نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، انہوں نے 53 گیندیں کھیلیں ،  6 چھکے  اور 12 چوکے بھی جڑے ۔ کپتان سہیل اختر نے 23 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان قادرز چار اوورز میں 24 رنز دیکر  ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔