Friday, March 29, 2024

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی
February 29, 2020
ملتان ( 92 نیوز) پی ایس ایل فائیو کا رنگا رنگ  میلہ پاکستان  کے مختلف شہروں میں جاری ہے  جس میں عوام کی بری تعداد جوش و خروش سے شرکت کر رہی ہے ۔ ایونٹ کے بارہویں میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مد مقابل ہوئیں  جہاں ملتان سلطانز کے 199 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 169 رنز ہی بنا پائے ۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا ڈالے ۔ملتان  سلطانز کی پہلی وکٹ 23 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر ذیشان اشرف نسیم شاہ کی گیند پر محمد نواز کو کیچ تھما بیٹھے ۔ ملتان کی دوسری وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گری جب  جیمز وینس  6 چوکوں کی مدد سے 24 گیندوں پر 29 رنز بنا کر  محمد نواز کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ مڈل آرڈر معین علی نے بھی  ٹیم اور شائقین کو بری طرح مایوس کیا ،  ان کی صورت میں ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 49 کے مجموعی اسکور پر گر گئی ، وہ صرف 6 اسکور بنا کر بین کٹنگ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ کپتان شان مسعود اور مڈل آرڈر رئیل روسو نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کے پتوار سنبھالے اور ایک بڑے مجموعے تک پہنچایا ،48 کے اسکور سے شروع ہونے والی شراکت داری 187 رنز تک گئی ، دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 139 رنز بنائے ۔ شان مسعود 32 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کرمحمد حسنین کی گیند پر اعظم خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ رئیل روسو 44 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز ، نسیم شاہ ، سہیل خان ،محمد حسنین ،بین کٹنگ  ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ انور علی نے  ایک اوور کیا اور 12 رنز دیے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  200 رنز کے ہدف کیلئے میدان میں اتری  لیکن مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بنا پائی ۔اوپنرز نے ایک اچھا آغاز فراہم کیا ، کوئٹہ کی پہلی وکٹ 57 کے مجموعی اسکور پر گری جب جیسن روئے 27 گیندوں پر 30 اسکور بنا کر بلاول بھٹی کی گیند پر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ کوئٹہ کی دوسری وکٹ 98 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹاپ آرڈر احسن علی 14 رنز بنا کرخوشدل شاہ کا شکار ہو گئے ، ان کا کیچ جیمز وینس نے پکڑا ۔ اعظم خان بھی 6 گیندوں پر 6 اسکور بنا کر چلتے بنے جبکہ بین کٹنگ کی مزاحمت 12 رنز کی ہی رہی ۔انور علی 14 سہیل خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوپنر شین واٹسن نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور 41 گیندوں پر 80 رنز بنائے ، ان کی اننگز 7 چھکوں اور 7 چوکوں سے مزین تھی ۔