Tuesday, April 23, 2024

ملتان سلطانز نے پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

ملتان سلطانز نے پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا
June 25, 2021

ابو ظبہی (92 نیوز) جنوب کی پہچان ملتان سلطانز نے پہلی بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ملتان سلطانز پی ایس ایل کا نیا سلطان بن گیا ۔ ملتان نے پی ایس ایل 6 کے فائنل میں پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ ملتان کے اوپنرز نے ٹیم کو 68 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شان مسعود 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 83 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

11ویں اوور میں زازئی کا صہیب مقصود کا کیچ چھوڑنا مہنگا پڑ گیا اور صہیب مقصود نے 35 گیندوں پر 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔

رئیلی روسو نے بھی پشاور زلمی کے باؤلرز کی خوب پٹائی  لگائی اور  21 گیندوں پر 50 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ملتان کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ خوشدل شاہ نے 5 گیندوں پر 15 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور کے اوپنر کامران اکمل نے جارحانہ آغاز کیا مگر کامران اکمل 42 رنز کے مجموعی اسکور پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے ایلی مینیٹر کے ہیرو حضرت اللہ زازئی کا بلا بھی خاموش رہا اور صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔

شعیب ملک اور روومین پاؤل  نے پشاور زلمی کو جتوانے کی بھر پور کوشش کی مگر شعیب ملک 48 رنز بنا کر ہمت ہار گئے اور روومین پاؤل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

عمران طاہر نے ایک اوور میں تین وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں پر 159 رنز بنا سکی۔ ملتان کی جانب سے عمران خان اور موزا ربانی نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ صہیب مقصود  میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔