Thursday, April 18, 2024

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی
March 8, 2020

راولپنڈی (92 نیوز) ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی۔ ملتان سلطانز نے 92 رنز کا ہدف ساتویں آوور میں ہی پورا کر لیا۔

آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے  کی وجہ سے میچ  سوا دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 9،9 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر  اسلام آباد یونائیٹڈ کو  پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد کے اوپنر کولن منرو نے جارحانہ  کھیل پیش کیا اور  شاہد آفریدی کو تین گیندوں پر لگاتار تین چھکے جھڑ دیے۔ 57 رنز کے مجموعی اسکور پر کولن منرو 12 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

 منرو کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بھی پلیئر جم کر نہ کھیل سکا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنا سکی۔

 ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

92 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے جیمز ونس نے اسلام آباد یونائیٹڈ  کے باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا۔ جیمز ونس نے 11 چوکوں اور ایک  چھکے کی مدد سے 24 گیندوں پر 61 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ انگلش بلے باز نے ایک اوور میں پانچ چوکے بھی لگائے۔

ملتان سلطانز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 7 ویں اوور میں ہدف پورا کر کے میچ اپنے نام کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔