Friday, April 26, 2024

ملامنصور مذاکرات میں رکاوٹ نہیں تھا‘ حملے سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا : وزیرداخلہ

ملامنصور مذاکرات میں رکاوٹ نہیں تھا‘ حملے سے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا : وزیرداخلہ
May 24, 2016

اسلام آباد (92نیوز) چودھری نثار نے بلوچستان ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہے۔ امریکا نے حملے کے سات گھنٹے بعد اطلاع دی کہ ڈرون حملہ ہوا ہے اور اس میں ملا منصور اختر مارا گیا ہے۔ انہوں نے نادرا اور پاسپورٹ آفسز میں کرپشن کا اعتراف بھی کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ایک نکاتی پریس کانفرنس میں چودھری نثار نے کہا کہ دو دن پہلے بلوچستان میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں دوافراد سوار تھے۔ ڈرون حملے میں گاڑی راکھ کا ڈھیر بن گئی اور ہمیں صرف جلی ہوئی لاشیں ملیں۔ دونوں مسافروں کا جسم مکمل طور پر ناقابل شناخت تھا۔ ایف سی اور دیگر ایجنسیوں کو وہاں سے پاسپورٹ کے علاوہ کوئی نشان نہیں ملا۔ پاسپورٹ گاڑی سے نکلا یا کسی نے گرایا اس پر تحقیقات جاری ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت ہو گئی جبکہ دوسرے شخص کی فی الحال شناخت نہیں ہو سکی۔ بین الاقوامی خبروں اور طالبان ذرائع سے حاصل ہونے والی خبروں کے مطابق ملا منصور ہی اس حملے کا نشانہ تھے لیکن پاکستانی حکومت سائنٹیفک اور قانونی تصدیق کے بغیر اس کا باقاعدہ اعلان نہیں کر سکتی۔ لاش کی شناخت کیلئے ملا منصور کے قریبی رشتے داروں کے ڈی این اے ٹیسٹ لیے ہیں جبکہ ان کے لواحقین نے میت کی حوالگی کی درخواست بھی دی ہے۔ شواہد ملتے ہی حکومت واضح اعلان کرے گی۔

چودھری نثار نے کہا کہ حکومت پاکستان ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ امریکا نے حملے کا جو جواز پیش کیا وہ غیرقانونی اور ناقابل قبول ہے۔ امریکا نے پاکستانی سالمیت کو نشانہ بنایا ہے۔ ڈرون حملے پاکستانی قوانین‘ اقوام متحدہ کے چارٹر اور انٹرنیشنل لاءکی نفی کرتے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی پر نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ ہو گی۔ میٹنگ میں مشاورت کے بعد واضح نکتہ لایا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ولی محمد کا مینوئل شناختی کارڈ 2001ءمیں بنا جبکہ 2002ءمیں وہی شناختی کارڈ کمپیوٹرائزڈ ہو گیا۔ ولی محمد کو 2005ءمیں پاسپورٹ جاری کیا گیا جسے 2012ءمیں ری نیو کیا گیا۔ ولی محمد کا شناختی کارڈ منسوخ کر دیا گیا مگر پاسپورٹ واپس نہیں لیا گیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نادرا اور پاسپورٹ دفاتر میں جعلی کام بھی ہوتے ہیں۔ کرپشن اور جعلی کاموں میں ملوث سیکڑوں ملازمین کو نوکری سے نکالا جا چکا ہے۔

چودھری نثار نے کہا کہ ولی محمد کا قلعہ عبداللہ میں کوئی ریکارڈ نہیں پھر بھی اسے شناختی کارڈ جاری ہوا۔ ولی محمد کے شناختی کارڈ کی تصدیق کرنے والے دو افراد نذیر احمد خان اور محبوب خان لوزئی کو گرفتار کر لیا ہے۔ شناختی کارڈ کی تصدیق کرنے والے سرکاری افسروں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ افغان باشندوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے والے دو ملازمین کو پکڑ لیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈرون حملوں پر امریکا کا موقف ہے کہ جو بھی ہمارے لیے خطرہ ہے اسے نشانہ بنایا جائے گا۔ اگر یہ بات تسلیم کر لی جائے تو پھر یہ جنگل کا قانون بن جائے گا۔ صرف پاکستان میں ڈرون حملوں پر امریکا خطے میں اپنی پالیسی واضح کرے۔ ایک طرف مذاکرات کیے جا رہے ہیں دوسری طرف ڈرون حملے۔ افغان حکومت کیساتھ طالبان کے مذاکرات کی قیادت ملا منصور کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا چار ملکی مذاکرات کے پہلے مرحلے کے بعد ملاعمر کی وفات کاشوشہ چھوڑ دیا گیا اور اب ملامنصور کو نشانہ بنایا گیا۔ طالبان کو اس وقت نشانہ کیوں نہیں بنایا گیا جب ڈیڑھ لاکھ امریکی فوج موجود تھی۔ ملا منصور امن عمل میں رکاوٹ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا دو تین دن انتظار کریں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔