Monday, September 16, 2024

ملالہ یوسف زئی کسی بھی شعبےمیں نوبل انعام حاصل کرنے والی سب سےکم سن فرد

ملالہ یوسف زئی کسی بھی شعبےمیں نوبل انعام حاصل کرنے والی سب سےکم سن فرد
March 29, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) ملالہ یوسف زئی خواتین کی تعلیم کی سرگرم رکن اور کسی بھی شعبے میں نوبل انعام وصول کرنے والی سب سے کم سن فرد ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں ۔

 ملالہ کی تحریک بین الاقوامی درجہ اختیار کر چکی ہے ۔ ملالہ کو بچوں کی تعلیم کیلئے جدوجہد کرنے پر 2014ء میں نوبل امن انعام سے نوازا گیا ۔

 ملالہ یوسف زئی نے دو ہزار نو میں گیارہ سال کی عمر میں ’’گل مکئی‘‘کے قلمی نام سے طالبان کی طرف سے وادی سوات پر قبضے کے خلاف بی بی سی کیلئے ایک بلاگ لکھا، اور لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دینے کے حوالے سے اپنی رائے دی، جس کےبعد نیو یارک ٹائمز کے صحافی ایڈم بی ایلک نے ملالہ کی زندگی کے بارے ڈاکومنٹری بنائی، جس سے انہیں شہرت ملی ۔

 نو اکتوبر دو ہزار بارہ کو اسکول جاتے ہوئے نامعلوم شخص نے ملالہ پر فائرنگ کر دی ۔ قاتلانہ حملے کی وجہ سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملالہ کی حمایت میں اچانک اضافہ ہو گیا ۔

 ڈوئچے ویلے نے جنوری 2013ء میں ملالہ کے بارے لکھا کہ وہ دنیا کی مشہور ترین کم عمر بچی بن گئی ہیں ۔ 29 اپریل 2013ء کو ملالہ کو ٹائم میگزین کے اولین صفحے پر جگہ ملی اور ان کا نام دنیا کے 100 بااثر ترین افراد میں شامل ہو گیا ۔

 بارہ جولائی 2013ء کو ملالہ نے اقوامِ متحدہ کے صدر دفتر میں خطاب کیا ۔ ستمبر 2013ء میں برمنگھم کی لائبریری کا باضابطہ افتتاح کیا اور سخاروو انعام بھی حاصل کیا ۔

 فروری 2014ء کو سوئیڈن میں ملالہ کو ورلڈ چلڈرن پرائز کے لئے نامزد کیا گیا ۔ 15 مئی 2014ء کو ملالہ کو یونیورسٹی آف کنگز کالج، ہیلی فیکس کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی ۔ 

 10 اکتوبر 2014ء کو بچوں کی تعلیم کے حق کے بارے جدوجہد کرنے پر ملالہ کو نوبل امن انعام سے نوازا گیا ۔

 ڈاکٹر عبدالسلام کے بعد ملالہ نوبل انعام پانے والی دوسری پاکستانی ہیں ۔