Saturday, May 4, 2024

ملاعمر کی ہلاکت کی خبر کی تحقیق کر رہے ہیں !!! طالبان سے مذاکرات کا ایجنڈا اور تاریخ کا تعین افغان حکومت کا کام ہے: دفترخارجہ

ملاعمر کی ہلاکت کی خبر کی تحقیق کر رہے ہیں !!! طالبان سے مذاکرات کا ایجنڈا اور تاریخ کا تعین افغان حکومت کا کام ہے: دفترخارجہ
July 30, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ملاعمر کی ہلاکت کی اطلاعات پہلے بھی آتی رہی ہیں، اس حوالے سے افغان حکام سے رابطے میں ہیں اور ان اطلاعات کی تحقیق کر رہے ہیں۔ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا ایجنڈا اور تاریخوں کا فیصلہ کرنا افغان حکومت کا کام ہے۔ پاکستان کا کردار صرف سہولت کار کا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ ملا عمر کی موت کی افواہوں کے بارے میں قیاس آرائیاں چل رہی ہیں۔ ان افواہوں کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اور افغان حکومت کے مذاکرات کے اگلے دور کا علم نہیں۔ مذاکرات میں پاکستان کا کردار صرف سہولت کار کا ہے۔ افغان امن عمل میں مدد دیتے رہیں گے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان موغادیشو اور گرداسپور میں دہشت گرد حملوں سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتاہے۔ بھارتی میڈیا بغیر تحقیقات اور ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشیاں کر رہا ہے جو افسوسناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ورکنگ باونڈری اور ایل اوسی پربھارتی جارحیت کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اپنے مفاد کےلئے اقوام متحدہ میں جانے سمیت تمام اقدامات اٹھائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی بھارتی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔ بھارت سے تعلقات معمول پر لانا چاہتے ہیں تاہم یہ باہم احترام پر مبنی ہونے چاہئیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے ہریانہ اور پنجاب کے دیگر علاقوں کا دورہ خود منسوخ کیا کیونکہ بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو افسران اور ایک ڈرائیور کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا۔