Saturday, May 11, 2024

ملائیشین یونیورسٹی میں کلچرل ڈے،پاکستانی طلبا نے میلہ لوٹ لیا

ملائیشین یونیورسٹی میں کلچرل ڈے،پاکستانی طلبا نے میلہ لوٹ لیا
September 21, 2019
کوالالمپور (92 نیوز) ملائیشیا کی بین الاقوامی یونیورسٹی لمکوکونگ کی جانب سے انٹرنیشنل کلچرل ڈے منایا گیا، پاکستانی طلبا نے میلہ لوٹتے ہوئے پہلا انعام حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا۔ بین الاقوامی یونیورسٹی لمکوکونگ میں انٹرنیشنل کلچرل ڈے کے موقع پر دنیا بھرسے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبا نےاپنا روایتی لباس زیب تن کیا ہوا تھا، 50 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے تیار کردہ ثقافتی بوتھ مقابلے کے لیے سجائے گئے تھے۔ یونیورسٹی لمکوکونگ میں انٹرنیشنل کلچرل ڈے کے مہمان خصوصی ملائیشیا کی خاتون اول اور ملائیشیا کی ریاست پاہنگ کے سلطان تھے۔ پاکستانی طلبا کے ہاتھوں سے تیار کردہ لاہور کے تاریخی شیش محل کا ماڈل ہزاروں لوگوں کی نگاہوں کا مرکز بنا رہا اور انعام کا حقدار قرار پایا۔ پاکستانی طلباءنے مادر وطن پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ سوفٹویئر انجینئرنگ یونیورسٹی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سیالکوٹ کے رہائشی طالب علم انس شیخ کا کہنا تھا اسے فخر ہے کہ اس کا وطن پاکستان ہے۔ کلچر آرٹ اور موسیقی کے اس رنگا رنگ بین الاقوامی میلے میں معروف سماجی وسیاسی شخصیات،پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی غلام حیدر سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔