Wednesday, April 24, 2024

ملائیشیا کے سلطان محمد پنجم نے تخت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا

ملائیشیا کے سلطان محمد پنجم نے تخت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا
January 7, 2019
ملائیشیا( 92 نیوز) ملائیشیا کے سلطان محمد پنجم نے تخت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا، یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی بادشاہ نے تخت سے کنارہ کشی اختیار کی ہے۔ ملائشیا کی شاہی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام شاہ محمد پنجم نے اٹھایا جنہوں نے تخت سے علیحدگی اختیار کرلی ، شاہی محل  کی جانب سے جاری بیان میں اُن کے اعلان کی تصدیق کی گئی تاہم اس کی وجوہات ظاہر نہیں کی گئیں۔ انچاس سالہ محمدشاہ پنجم  دسمبر 2016 میں تخت نشین ہوئے تھے، گزشتہ سال نومبر میں طبی وجوہات کی بنا پر وہ دو ماہ کی رخصت پر چلے گئے تھے انہوں نے گزشتہ ہفتے ہی دوبارہ منصب سنبھالا تھا۔ انٹرنیٹ پر  خبریں اور تصاویر  زیر گردش رہیں کہ 49 سالہ  شاہ محمد پنجم نے سابقہ مس ماسکو سے شادی کرلی ہے تاہم شاہی محل کی طرف سے اس کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی ۔ سلطان محمد پنجم نے آکسفورڈ کے سینٹ کراس کالج اور آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز سے تعلیم حاصل کی تھی۔ملائشیا میں آئینی بادشاہت کا نظام رائج ہے جس کے تحت ہر پانچ سال بعد ملک کی نو مختلف ریاستوں کے حکمرانوں میں سے ایک تخت نشین ہوتا ہے ۔