Saturday, April 27, 2024

ملائیشیا نے عدالتی حکم پر پی آئی اے کا طیارہ قبضے میں لے لیا

ملائیشیا نے عدالتی حکم پر پی آئی اے کا طیارہ قبضے میں لے لیا
January 15, 2021

کراچی (92 نیوز) پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ عدالتی حکم پر کوالالمپور ائیرپورٹ پر روانگی سے روک لیا گیا۔ جہاز میں 172 مسافر اور عملے کے 18 ارکان سوا رتھے۔

پی آئی اے کا بوئنگ 777 مسافر طیارہ ملائیشین حکام نے عدالتی حکم پر کوالالمپور ائیر پورٹ پر روک لیا۔ مقامی حکام نے تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو آف لوڈ کردیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ کی قیادت میں ، ہیڈ آف چانسری شہزاد حسین خان، ڈیفنس اتاشی کموڈور ابرار اسحاق پر مشتمل اعلی سطحی وفد پاکستانی مسافروں کی متبادل کے سلسلہ میں ائیرپورٹ پر پہنچ گیا۔

ڈیپارچر لاؤنج میں موجود تمام مسافروں کو پی آئی اے کی جانب سے کھانا بھی مہیا کیا گیا، اس ضمن میں نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی آئی اے ملائیشیا کے کنٹری مینیجر سلمان وہاب نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے کوالالمپور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کے پی آئی اے کی قانونی ٹیم اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے مصروف عمل ہے، انہوں نے پاکستانی مسافروں سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ انہیں جلد از جلد وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

ملائیشیا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موجود پاکستانی مسافروں نے نائنٹی ٹو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن اور پی آئی اے کے حکام کا ان کی دیکھ بھال اور وطن واپسی کے سلسلے میں انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

پی آئی اے کے ملائیشیا میں کنٹری مینیجر سلمان وہاب کے مطابق، پی آئی اے کی پرواز کے عملے اور کیبن کرو کے تمام افراد کو 72 گھنٹے کے اندر اندر واپس بھیج دیا جائے گا۔