Friday, April 26, 2024

ملائیشیا میں عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

ملائیشیا میں عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی
November 9, 2019
کوالالمپور (92 نیوز) ملائیشیا میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم انتہائی عقیدت و احترام اور شایان شان طریقے سے منائی گئی، کوالالمپور میں خوبصورت محفل میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کوالالمپور کی بلند ترین عمارت ٹوئن ٹاور سے دعوائے اسلام ملائیشیا کے‏ زیراہتمام ایک شاندار جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت محمد جمیل عطاری، مولانا محمد خلیق احمد مدنی، محمد نوید رضا  قادری، معروف اسلامی اسکالر محمد شارق اطہر قریشی اور ملائیشیا کے مقامی  عمائدین نے کی۔ جلوس کے شرکا ہاتھوں میں سبز پرچم تھامے، لبوں پر درود پاک اور سینوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شمع روشن کئے مقررہ راستوں سے گزرے۔ تاریخی نیشنل مسجد پر پہنچ کر علمائے کرام نے امت مسلمہ اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔ دعوائے اسلام کے ہی زیراہتمام مسجد  فاطمۃالزہرہ میں ایک پرنور محفل کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، جس میں نعت خواں حضرات نے اپنے خوبصورت انداز میں بارگاہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور ہدیہ نعت کے گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ معروف عالم دین مولانا محمد خلیق احمد آلمدنی نے اپنے بیان میں اسوائے حسنیٰ، عشقِ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور درود پاک کی برکتوں اور فضیلت بیان کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ایسی محافل انہیں مذہب سے قریب کرتی ہیں،، اس کے ذریعے وہ نبی پاکﷺ کے ساتھ اپنے عشق کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔ محفل کے آخر میں تمام حاضرین نے رحمت اللعلمین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کہ حضور نذرانہ صلوۃ و سلام پیش کیا۔