Friday, April 26, 2024

ملائیشیا ،انڈونیشیا اور بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے

ملائیشیا ،انڈونیشیا اور بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عیدالفطر آج منائی جا رہی ہے
June 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملائیشیا ، انڈونیشیا اور بھارت  سمیت دنیا کے مختلف  ممالک میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے، کروڑوں مسلمانوں نے امت مسلمہ کی سلامتی ویکجہتی کیلئے دعائیں کیں۔ آج پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک عید الفطر منا رہے ہیں ، فلسطین میں لاکھوں مسلمان عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں ،مسجد اقصیٰ میں سیکڑوں فرزندان اسلام نے عید کی نماز ادا کی۔ ملائیشیا کی تمام بڑی مساجد میں پاکستانی کمیونٹی  سمیت  ہزاروں کی تعداد میں  شہریوں نے نماز عید الفطر ادا کی ، اس دوران بارگاہ الٰہی میں عالم اسلام کی سر بلندی اتحاد اور یکجہتی کے لیے  دعا کی گئی۔ انڈونیشیاکے دارالحکومت جکارتہ میں نماز عید کا مرکزی اجتماع  ہوا۔ نماز عید کے بعدلوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کرعید کی مبارکباد دی۔ مصر میں بھی عید انتہائی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے ،  دارالحکومت قاہرہ سمیت ملک بھر میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ دیگر  ممالک کی طرح میں بنگلہ دیش میں بسنے والے مسلمان  بھی   عید کی خوشیاں سمیٹنے میں مصروف ہیں ، ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں  نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ بھارت میں  کروڑوں مسلمان  رمضان المبارک کی رحمتیں سمیٹنے کے بعد میٹھی  عید منارہے ہیں ، دہلی کی جامعہ مسجد میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے ۔ شام میں بھی عید کا تہوار  جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ۔صدر بشاراالاسد نے  دارالحکومت دمشق کی حافظ الاسد مسجد میں نماز عید ادا کی ۔ برطانیہ کے چند مقامات پر گزشتہ روز جبکہ  باقی مقامات پر آج عید الفطر منائی جارہی ہے ، اسی طرح  جاپان ، تھائی لینڈ،سری لنکا ،اردن ،آسٹریلیا میں کروڑوں فرزندان اسلام آج عید الفطر منارہے ہیں ۔