Sunday, September 8, 2024

ملا عمر پاکستان میں مرے نہ ہی انہیں یہاں دفن کیا گیا : خواجہ آصف

ملا عمر پاکستان میں مرے نہ ہی انہیں یہاں دفن کیا گیا : خواجہ آصف
August 7, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وزیردفاع خواجہ آصف نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے ملا عمر کا انتقال پاکستان میں نہیں ہوااور نہ یہاں انہیں یہاں دفنایا گیا۔پاکستان طالبان کے قیادت کے اندرونی جھگڑے میں ملوث نہیں ہوناچاہتا۔ قومی اسمبلی میں اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ ملا عمر نہ کوئٹہ میں تھے اور نہ کراچی میں اور نہ انہیں یہاں دفنایا گیا۔نہیں معلوم کے ملا عمر طبعی موت مرے یا مارا گیا ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ طالبان کبھی بھی ایک اکائی رہے ہیں نہ رہیں گے۔طالبان کی قیادت کے جھگڑے میں ملوث نہیں ہونا چاہتے۔ ہماری خواہش ہے کہ طالبان کی جو بھی قیادت سامنے آئے مفاہمتی عمل کو جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں ہے البتہ انہیں افغان حکومت سے مذاکرات پر آمادہ کرنے کے لیے کو شش کر سکتے ہیں۔ ہماری اسٹریٹجک کوشش ہے کہ مفاہمتی عمل آگے بڑھے اور افغانستان میں امن قائم ہو خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان طالبان اور افغان حکومت کے مابین ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ امریکہ اور چین مبصر ہیں ۔ ہم افغانستان میں قیام امن کے ذریعے پاکستان پر ماضی میں لگنے والے داغ دھونا چاہتے ہیں ،اسلئے ہماری   کوشش ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے ثمرات پاکستان تک پہنچیں اور جو بوجھ ہم نے اٹھایا ہوا ہے اس سے جان چھوٹ جائے۔