Thursday, April 25, 2024

ملا حسن احمد اخوند افغانستان کے عبوری وزیراعظم، ملا عبدالغنی نائب وزیراعظم ہوں گے

ملا حسن احمد اخوند افغانستان کے عبوری وزیراعظم، ملا عبدالغنی نائب وزیراعظم ہوں گے
September 7, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت تشکیل دیدی۔ ملا حسن احمد اخوند عبوری وزیراعظم، ملا عبدالغنی برادر نائب سربراہ مقرر کردئیے گئے۔

طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت اور کابینہ کا اعلان کردیا۔

افغانستان کی نئی عبوری حکومت کا اعلان ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس میں کیا، انہوں نے کہا کہ مولوی یعقوب عبوری وزیر دفاع، سراج حقانی وزیرداخلہ، ملا امیر متقی وزیر خارجہ ہوں گے۔ ملا ہدایت اللہ وزیر مالیات، ملا خیراللہ وزیر اطلاعات، حاجی عیسی وزیر پٹرولیم، ہدایت اللہ بدری وزیرخزانہ، مولوی محمد عبدالحکیم عدلیہ کے سربراہ ہوں گے۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا، نئی انتظامیہ عبوری ہے جس میں بعد میں ترمیم کی جاسکتی ہے، حکومت سازی میں رنگ و نسل کا امتیاز نہیں برتا گیا۔ نئی حکومت کے تحت افغانستان میں امن قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ عبوری حکومت کے قیام کا مقصد افغان عوام کو تقسیم نہیں بلکہ متحد کرنا ہے، کوشش کی گئی ہے افغانستان میں متفقہ اور قابل قبول نئی حکومت تشکیل دی جائے۔

ذبیع اللہ مجاہد نے بتایا کہ پنج شیر میں دونوں جانب سے خون بہا ہے، طالبان نے بھی امن کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا، افغان عوام کو چند بڑے قابض خاندانوں سے نجات دلانے کی کوشش کی ہے، پنج شیر میں امن قائم ہوچکا ہے، ہم نے بہت سال لڑائی لڑی ہے اب امن چاہتے ہیں، یہ وقت ملک میں مظاہروں اور انتشار کا نہیں،اداروں کو کہا گیا ہے مظاہرے کرنے والوں سے بات کرکے انتشار سے باز رکھا جائے۔

ترجمان افغان طالبان نے پھر یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کسی صورت پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ پاکستان نے مہاجرین کی خدمت کی، افغان عوام کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا، پاکستان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا تدارک کیا جائے گا، طالبان حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش کرنے والوں کی بھی سرکوبی کریں گے۔ افغانستان کے معاملات میں پاکستان کی مداخلت پروپیگنڈا ہے۔