Saturday, September 7, 2024

ملا اختر منصور نے شیر عباس ستانکزئی کو سیاسی دفتر قطر کا سربراہ مقرر کر دیا

ملا اختر منصور نے شیر عباس ستانکزئی کو سیاسی دفتر قطر کا سربراہ مقرر کر دیا
August 6, 2015
کابل (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے نئے امیر ملا اختر منصور نے شیر عباس ستانکزئی کو قطر میں سیاسی دفتر کا نیا قائم مقام سربراہ مقرر کر دیا جس سے امن مذاکرات کی بحالی کی امید پیدا ہو گئی ہے جبکہ افغان طالبان میں نئے امیر کے تقرر کے بعد پیدا ہونے والے اختلافات کے خاتمہ کی کوششیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ شیر عباس ستانکزئی نے ملا اختر منصور کی اطاعت کا اعلان کیا ہے جبکہ طیب آغا نے اختر منصور کو امیر ماننے سے انکار کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ سیاسی دفتر کے نئے قائم مقام سربراہ شیر عباس ستانکزئی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اور ان کے سیاسی دفتر کے دیگر ارکان ملا اختر منصور کی اطاعت کا اعلان کرتے ہیں اور انہیں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ دوسری طرف افغان طالبان کے درمیان نئے امیرپر اختلافات کے خاتمہ کےلئے علماءکا گرینڈ جرگہ بلانے کی بھی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ ملا عمر کے قریبی عزیز اور طالبان کے ایک دھڑے کے ترجمان عبدالمنان نیازی کا کہنا ہے کہ ملا اختر منصور کے مخالف کمانڈر الگ شوریٰ کی تشکیل میں مصروف ہیں لیکن دو سے تین دن میں علماءکا گرینڈ جرگہ بلایا جا رہا ہے جو اختلافات کے حل میں مددگار ہوگا اور امید ہے کہ طالبان کمانڈر ذاتی اختلافات اور مفادات کو پس پشت ڈال کر اختلافات ختم کر دیں گے۔