Wednesday, April 24, 2024

ملا اختر منصور طالبان کے امیر مقرر، ویب سائٹ پر باضابطہ اعلامیہ جاری، ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ اور سراج الحق حقانی نائب امیر مقرر

ملا اختر منصور طالبان کے امیر مقرر، ویب سائٹ پر باضابطہ اعلامیہ جاری، ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ اور سراج الحق حقانی نائب امیر مقرر
July 31, 2015
کابل(ویب ڈیسک)افغان طالبان نے ملا عمر کی ہلاکت کے بعد ملا اختر منصور کو نیا امیر مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیاجبکہ مولوی ہیبت اللہ اور سراج الحق حقانی کو نائب امیر مقرر کیا گیا ہے۔طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ ملا عمر کے خاندان نے ملا اختر منصور کو ان کا جانشین بنانے کی مخالفت کی۔ تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے ملا عمر کی ہلاکت کے بعد ملا اختر منصور کو امیر بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہےافغان طالبان کی ویب سائٹ پر جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ رہبر شوریٰ علماء اور عمائدین کے طویل صلاح مشورہ کے بعد ملا عمر کے نائب ملا اختر منصور کو ان کا جانشین بنانے کا فیصلہ کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ملا اختر منصور سابق امیر کی زندگی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر چکے ہیں اور امیر کی بھاری ذمہ داری کے لئے موزوں ترین ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق رہبر شوریٰ نے نے طالبان حکومت کے سابق چیف جسٹس مولوی ہیبت اللہ اخوندزادہ اور سابق جہادی کمانڈر جلال الدین حقانی کے بیٹے سراج الحق حقانی کو نائب امیر مقرر کیا۔ افغان طالبان کے ذرائع نے کہا ہے کہ نئے امیر ملا اختر منصور کے تقرر سے ملا عمر کے خاندان نے اختلاف کیااور شوریٰ کے اجلاس سے ملا عمر کے چھوٹے بھائی ملا عبدالمنان ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب اور ان کے حامی ملا حسن رحمانی ملا عبدالرزاق نے واک آئوٹ کیا۔ افغان میڈیا ذرائع کے مطابق ملا اختر منصور کو نیا امیر بنانے کے بعد طالبان میں مزید تقسیم شروع ہو گئی ہے۔ اور ملا رزاق کی قیادت میں ایک اور دھڑا بن گیا ہے جو جلد ہی اپنی علیحدگی اور تحفظات کا باضابطہ اظہار کرے گا۔