Thursday, April 25, 2024

مقدس شہر مکہ میں مناسک حج کا آغاز ہو گیا

مقدس شہر مکہ میں مناسک حج کا آغاز ہو گیا
September 10, 2016
مکہ مکرمہ (92نیوز) لاکھوں عازمین حج حجاز مقدس پہنچ گئے ہیں اور نمازمغرب کے بعد مناسک حج کا آغاز ہو گیا ہے جبکہ حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ اتوار کو ادا کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام کے پانچویں رکن حج کے مناسک کا آغاز ہو گیا۔ اس سال مختلف ممالک سے تیرہ لاکھ فرزندان اسلام حج کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب آئے ہیں جبکہ لاکھوں سعودی بھی شامل ہیں جن کا منیٰ کی جانب سفر جاری ہے۔ منیٰ سے حجاج کرام میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے۔ عرفات میں قیام حج کا رکنِ اعظم ہے۔ عازمین حج مسجد نمرہ میں امام کعبہ کا خطبہ بھی سنیں گے اور ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ غروب آفتاب کے بعد اللہ اکبر کی صدائیں بلند کرتے ہوئے عرفات سے مزدلفہ کو روانہ ہو جائیں گے۔ مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر ادا کریں گے۔ رات بھر مزدلفہ میں قیام کے دوران حجاج کرام بڑے جمرے کو مارنے کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے اور طلوع آفتاب کے بعد واپس منیٰ روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ دس ذی الحج کو قربانی اور بال کٹوا کر احرام کھول دیں گے۔ مناسک حج کے چوتھے روز حجاج کرام تینوں شیاطین کو کنکریاں ماریں گے اور واپس منیٰ آجائیں گے۔ اگلے روز بھی تینوں شیاطین کو کنکریاں ماری جائیں گی جس کے ساتھ ہی مناسک حج پورے ہوجائیں گے اور حجاج کرام مکہ مکرمہ جاکر طواف الوداع کریں گے۔