Tuesday, April 16, 2024

مقتول کی خالی ایم پی اے نشست پر قاتل براجمان ہو گا ؟

مقتول کی خالی ایم پی اے نشست پر قاتل براجمان ہو گا ؟
April 27, 2016
پشاور (92نیوز) اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں پر ایم پی اے بننے کے خواہشمند تحریک انصاف کے رہنما بلدیوکمار کو سورن سنگھ کی نشست سنبھالنے سے کیسے روکا جائے۔ پارٹی قیادت مشکل میں پھنس گئی۔ الیکشن قوانین کے تحت پہلے سے دی گئی ترجیحی فہرست میں تبدیلی نہیں کرسکتی۔ سورن سنگھ کے بعد بلدیوکمار ایم پی اے بنے ہی بنے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کا اقلیتی رکن بننے کی خواہش تحریک انصاف سوات کے رہنما بلدیوکمار کے دل میں نہ جانے کب سے تھی۔ 2013ءکے عام انتخابات سے قبل پارٹی کی الیکشن کمیشن کو دی جانے والی ترجیحی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کرنے کے جتن کئے لیکن کامیابی نہ ہوئی اور فہرست میں دوسرا نمبرپایا۔ پی ٹی آئی کے حصے میں اقلیتوں کی ایک نشست آئی اور پہلے نمبروالے سردار سورن سنگھ ایم پی اے بن گئے۔ بلدیوکمار خواہش دل میں لئے انتظار کرتے رہے۔ سورن سنگھ کے قتل کے بعد راستہ صاف ہوا۔ بلدیوکمار اس کیس میں گرفتار تو ہو گیا لیکن ایم پی اے بننے کی اس کی خواہش پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ترجیحی فہرست میں تبدیلی نہیں ہو سکتی۔ الیکشن کمیشن ترجیحی فہرست کے مطابق بلدیوکمار کے ایم پی اے بننے کا اعلامیہ جاری کرےگا۔ تحریک انصاف کے پاس واحد راستہ بلدیوکمار کو پارٹی سے نکالنا ہے۔ وہ بھی ایم پی اے بننے کے بعد۔ بلدیو کمار قتل کیس میں گرفتار ہے سزا نہیں ہوئی۔ اس طرح بلدیو کمار ایم پی اے بنے ہی بنے چاہے پارٹی چاہے یا نہ چاہے۔