Sunday, May 12, 2024

مقتول وقاص کو گولی پیٹ میں لگی اور کمر سے نکل گئی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ

مقتول وقاص کو گولی پیٹ میں لگی اور کمر سے نکل گئی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ
January 21, 2021

فیصل آباد (92 نیوز) پنجاب پولیس کی فائرنگ سے بےگناہ شہری کی موت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق مقتول وقاص کو گولی پیٹ میں لگی اور کمر سے نکل گئی۔

تھانہ ڈجکوٹ کی حدود میں پیٹرولنگ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے نوجوان وقاص کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مقتول وقاص کو ناف کی دائیں جانب گولی لگی جو جسم سے آر پار ہو گئی۔ گولی لگنے سے مقتول کی خون سپلائی کرنے والی نالیاں شدید متاثر ہوئیں جو موت کی وجہ بنی۔

دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سہیل چودھری کی جانب سے معاملے کی انکوائری کے لیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ کمیٹی کی سربراہی ایس پی اقبال ٹاؤن حافظ کامران کریں گے جبکہ ایس ایس پی آپریشن بلال افتخار کو تمام تر کارروائی کی نگرانی پر مامور کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سی پی او کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کی فائرنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ معاملے کی تحقیق کے بعد گناہگاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مقتول وقاص کی موت پر علاقے کی فضا سوگوار ہے۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ معاملے کے لیے جوڈیشنل کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ شفاف انکوائری کے بعد انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔