Saturday, April 20, 2024

مقتول نقیب اللہ کے والد کی قیام امن پر پاک فوج کی تعریف

مقتول نقیب اللہ کے والد کی قیام امن پر پاک فوج کی تعریف
January 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) مقتول نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان کو انصاف کی امید  ہے ، ویڈیو پیغام میں کہا کہ کیس کو ذاتی مفاد یا کسی کے خلاف استعمال کرنے سے اصل مقصد پیچھے چلا جائے گا ، محمد خان نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے پاک فوج کی بھی تعریف کی ۔ والد نقیب اللہ کا کہنا تھا کہ  سیاسی جماعتوں کو وردی کیخلاف نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، وزیراعظم، چیف جسٹس اور آرمی چیف اپنے وعدے ضرور پورے کریں گے ۔ مقتول نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان نے  کیس سے متعلق خصوصی گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ جلد یہ کیس منطقی انجام تک پہنچے گا ، انسداد دہشت گردی عدالت نے ضمانت منسوخ کرکے ملزموں کو جیل بھیج دیا  ۔ محمد خان محسود کا کہنا تھا کسی کی نیت پر کوئی شک نہیں ، نقیب کے نام پر کسی کو فنڈ اکٹھے کرنے کی اجازت نہیں دی ، جو بھی اس کیس کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرے گا اس کا خود ذمہ دار ہے ۔ محمد خان کا کہنا تھا کہ پشتون قوم پاکستان کا حصہ ہے اور پاک فوج اس کی بھی محافظ ہے ، سیاسی جماعتوں کو وردی کیخلاف نعرے لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، پاک فوج کے خلاف بات کرنے والا اصل میں پاکستان کا مخالف ہے ۔