Thursday, April 25, 2024

مقتول صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف نوشہروفیروز میں صحافیوں کا احتجاج

مقتول صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف نوشہروفیروز میں صحافیوں کا احتجاج
February 25, 2020
 نوشہروفیروز (92 نیوز) مقتول صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف نوشہروفیروز میں صحافیوں نے احتجاج کیا۔ محراب پور کے صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ڈویژن شہید بےنظیر آباد کے سیکڑوں صحافیوں نے ایس ایس پی آفس کے باہر دھرنا دیا۔ صحافیوں نے پریس کلب نوشہروفیروز سے ریلی نکال کر ایس ایس پی آفس کے باہر دھرنا دیا۔ دھرنے کی قیادت صدر نواب شاہ پریس کلب ذوالفقار خاصخیلی ، صدر نوشہروفیروز پریس کلب یونس راجپر، ضلعی صدر نوشہروفیروز یونین آف جرنلسٹس زاہد قائمخانی و دیگر نے کی۔ دھرنے میں موجود صحافیوں کیجانب سے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے شدید نعرے بازی کی گئی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے صدر نواب شاہ پریس کلب نے کہا شہید عزیز میمن کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ صدر نوشہروفیروز پریس کلب یونس راجپر کا کہنا تھا کہ صحافی عزیز میمن کو قتل کرکے قلم کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا 8 مارچ تک قاتل گرفتار نہ ہوئے تو 9 مارچ کو صحافی کراچی کا رخ کرینگے۔ 9 مارچ کو کراچی پریس کلب اور 10 مارچ کو آئی جی سندھ آفس کے سامنے دھرنا دینگے۔ ضلعی صدر نوشہروفیروز یونین آف جرنلسٹس زاہد قائمخانی نے کہا افسوس ہے کہ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔