Thursday, May 9, 2024

مقبوضہ کشمیر کے حالات جاننے کیلئے مصری وفد 20 ستمبر تک پاکستان میں قیام کریگا

مقبوضہ کشمیر کے حالات جاننے کیلئے مصری وفد 20 ستمبر تک پاکستان میں قیام کریگا
September 16, 2019
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) مقبوضہ کشمیر کے حالات جاننے کیلئے مصری وفد 20 ستمبر تک پاکستان میں قیام کریگا، مصر کے دانشوروں کا وفد آزاد کشمیر اور پاکستان کے سات روزہ دورے پر گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا۔ مصری امن وفد کی قیادت جامعۃ الازہر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم محمدابراہیم کررہے ہیں جبکہ وفد میں پی ایچ ڈی سکالر بدریہ محمد احمد، عبدالقائمز، حنا احمد بکر، محمد عبدالرزاق، شاہاد سعد محمد وصل اور ہیگازے ربیع طوافق ابراہیم شامل ہیں۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران مصری دانشوروں کا یہ وفد آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے قائدین کے علاوہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر قائد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے بھی ملاقات کرے گا اور مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے بارے میں معلومات حاصل کرے گا۔ مصری دانشوروں کا وفد آزاد کشمیر اسمبلی اور مظفرآباد میں کشمیری مہاجرین کے کیمپ کا بھی دورہ کرے گا ، مصری وفد کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد پیدا ہونیوالے بحران کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کرے گا۔ مصری وفد اسلام آباد میں پی ٹی وی سنٹر ، قائداعظم یونیورسٹی کے پاکستان سٹڈیز سنٹر، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز(نمل)، کومساٹس یونیورسٹی اور سائوتھ ایشین سٹرٹیجک سٹیبلیٹی انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کرے گا جہاں وفد پاکستانی دانشوروں کیساتھ دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے مابین باہمی تعلقات اور دلچسپی کے دیگرامور پربھی تبادلہ خیال کرے گا ۔ مصری وفد 20 ستمبر کو واپس روانہ ہوجائیگا۔