Thursday, April 25, 2024

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیرخارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیرخارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا
August 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھ کر ‏مقبوضہ  کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن  امان کی صورتحال ‏سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے جس میں  مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں  امن  امان کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ خط  میں کہا گیا ہے  کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت ،کالے قانون کے تحت نہتے ‏کشمیریوں کو جبر و تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ‏وہ ہیومن رائٹس کمشنر آفس کی  طرف سے جاری کی گئی اس غیر جانبدارانہ رپورٹ میں ‏آشکار کی گئی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ شاہ محمود قریشی کی جانب سے لکھے گئے خط  میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ، گولہ باری میں اضافہ ہو  چکا ہے، بھارت 2003ء کے فائر بندی معاہدے کی  مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے جس سے نہ صرف  لائن آف کنٹرول پر  مقیم آبادی کی املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا  بلکہ  معصوم شہری  بھی شہید ہو رہے  ہیں، سنگین صورتحال کا سد باب نہ ہوا تو امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ خط  میں کہا گیا ہے کہ  مقبوضہ جموں و ‏کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے سات لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود ، ‏مزید فوجی دستے بھجوائے جانے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ خط میں اقوام متحدہ  سے  ‏درخواست کی گئی ہے  کہ کشمیر  کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے  اور ‏ہندوستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ‏ورزیوں سے روکا جائے۔