Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیر اعظم کا ملائیشین ہم منصب اور ترک صدر سے رابطہ ‏

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیر اعظم کا ملائیشین ہم منصب اور ترک صدر سے رابطہ ‏
August 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کےحوالے سے بھارتی اقدامات پر عالمی رہنماوں سے رابطے شروع کر دئے ، وزیر اعظم نے ملائیشین  ہم منصب اور ترک صدر   کو ٹیلی فون  کر کے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کو ٹیلی فون کرکے مقبوضہ کشمیر  کی حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم پاکستان نے  ملائیشین وزیراعظم  سے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کو اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیلی کا بھارتی اعلان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر اعظم  عمران خان کا کہنا تھا کہ  بھارتی اقدام ایٹمی صلاحیت کے حامل ہمسائیوں کے درمیان تعلقات مزید خراب کرے گا۔ملائیشین  وزیر اعظم  مہاتیر محمد نے کہا کہ ملائشیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے اور اس صورتحال سے باخبر رہے گا۔

مقبوضہ کشمیر کے حالات تیزی سے بگڑ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

دونوں وزرائے اعظم کا اقوام متحدہ  کی جنرل اسمبلی کے  اجلاس کی سائیڈلائن پر ملاقات پر  بھی اتفاق ہوا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے  ترک صدر طیب رجب اردوان کو  بھی ٹیلی فون کیا اور مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کی جدوجہد کر رہے  ہیں۔پاکستان  کشمیریوں  کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔کشمیر  کا مسئلہ اقوام متحدہ  کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

گزشتہ برس مقبوضہ کشمیر میں 160 افراد کو قتل کیا گیا، اقوام متحدہ

اس موقع پر  ترک صدر  نے  کہا کہ ترکی کشمیریوں کے موقف  کی حمایت کرتا ہے۔