Saturday, May 11, 2024

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سکیورٹی کونسل میں زیر غور آنا خوش آئند ،وزیراعظم

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سکیورٹی کونسل میں زیر غور آنا خوش آئند ،وزیراعظم
January 16, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان  نے یو این سکیورٹی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دوبارہ زیر بحث آنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کا مقبوضہ کشمیر پر غور کرنا سنگین صورتحال کا اعتراف ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  حق خود ارادیت کے حصول تک  کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کی تدبیر وقت کا اہم تقاضا ہے،جموں و کشمیر ایک عالمی تنازع کی حیثیت میں سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور کونسل کی جانب سے اس پر غور موجودہ صورتحال کی نزاکت کے اعتراف و احساس کا مظہر ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز پاکستان اور چین کی استدعا پر اقوام متحدہ  کی  سلامتی کونسل میں تنازع جموں و کشمیر پر بحث ہوئی، اقوام متحدہ کے محکمہ امن آپریشنز، محکمہ سیاسی و امن امور نے کونسل کو بریفنگ دی ۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک بار پھر غور کیا گیا ، سیاسی و قیام امن سے متعلق امور کے محکموں کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دی گئی، ارکان نے جموں وکشمیر کی صورتحال پر غورکیا اور اپنی آرا پیش کیں۔ سلامتی کونسل کے تمام 15 ارکان نے بحث میں حصہ لیا ۔ پاکستان اور چین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال زیربحث لانے کی استدعا کی ، مقبوضہ جموں و کشمیر تسلسل کے ساتھ سلامتی کونسل ایجنڈے پر موجود ہے، سلامتی کونسل میں تنازع جموں و کشمیر پر بحث نے ثابت کیا عالمی برادری مسئلہ پر تشویش میں مبتلا ہے۔ سفارتی حلقوں میں بھی اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں تنازعہ جموں و کشمیر پر بحث کو پاکستان کی تاریخی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔