Friday, May 17, 2024

مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم ، پاکستانی اور کشمیری رہنماؤں کا شدید رد عمل

مقبوضہ کشمیر کی خود مختار حیثیت ختم ، پاکستانی اور کشمیری رہنماؤں کا شدید رد عمل
August 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر  کی خودمختارحیثیت ختم کرنے پر پاکستانی اور کشمیری رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے،صدرآزادکشمیر سردارمسعود کا کہناہے کہ  آج کشمیریوں کے حق پر ڈاکا ماراگیا۔ شیخ رشید نے کہا  نریندرمودی کی دہشتگردانہ سوچ خطے کو کسی بحران سے دوچار کرسکتی ہے،فوادچودھری کہتےہیں عالمی برادری کواب  مقبوضہ کشمیر پر واضح لائن لینی پڑے گی۔ بھارت کے خطرناک اقدام پر پاکستانی اور کشمیری  رہنماؤں نے شدید ردعمل دیا ۔  صدر آزاد کشمیر  سردار مسعود نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیریوں کے حق پر ڈاکا ماراگیا،حق خودارادیت کےلیے کوششیں تیز کریں گے۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خودمختارحیثیت ختم ہونے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی ہوگئی، نریندرمودی کی دہشتگردانہ سوچ خطے کو کسی بحران سے دوچار کرسکتی ہے۔ وفاقی وزیرفوادچودھری کہتے ہیں عالمی برادری کواب  مقبوضہ کشمیر پر واضح لائن لینی پڑے گی،لاتعلق رہنے سے حالات خراب ہوجائیں گے،پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پی پی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان  کی طرف سے اتحادیوں کو واضح پیغام دینا چاہئے ،مسئلہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔ قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے رد عم ل دیا کہ  آرٹیکل 370ختم کرنے کی کوشش ناقابل قبول،بھارتی اقدام اقوام متحدہ کےخلاف اعلان بغاوت اور جنگ ہے ۔ کشمیریوں کے جائز قانونی اور انسانی حقوق کےلیے پاکستان ہر حد تک جائے گا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا  انتہا پسند بھارتی حکومت کے عزائم کھل کر سامنے آچکے ہیں ، کشمیریوں پر بھارت کے مظالم ناقابل برداشت ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بنیادی حقوق سلب نہیں کرسکتا ،عالمی برادری کو امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔