Friday, March 29, 2024

مقبوضہ کشمیر کو کرفیو کی زنجیروں میں جکڑے 99 روز ہو گئے ‏

مقبوضہ کشمیر کو کرفیو کی زنجیروں میں جکڑے 99 روز ہو گئے ‏
November 11, 2019

سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کو کرفیو کی آہنی زنجیروں میں جکڑے 99 روز ہو گئے ، ریاستی دہشتگردی کی تازہ ترین کارروائی میں بھارتی فوجیوں نے 2 مظلوم کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

جنت نظیر وادی ظلم کے پہاڑوں کے درمیان پسنے لگی ، بدترین کرفیو،تاریخ کی بدترین مثال بن گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض فوجی کشمیریوں کے خون سے ظلم وستم کی دستانیں لکھنے میں مصروف ہیں ، ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں  2 مظلوم کشمیری نوجوانوں کا شہید کر دیا، دونوں جوانوں کو ضلع بانڈی پورہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔

دوسری جانب معروف بھارتی اخبار دی ہندو نے اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی حمایت کرنے والا ایک شخص بھی باقی نہیں بچا ، جو سیاستدان کبھی حریت پسندوں کی مخالفت کیا کرتے تھے، مودی حکومت نے انکی ہی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا۔

مقبوضہ کشمیر کی ہر گلی سے لے کر ہر شاہراہ تک، چپے چپے پر بھارتی فوجی، پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار تعینات ہیں ۔ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے، کمرشل گاڑیاں تو بالکل بھی دکھائی نہیں دے رہیں۔

انٹرنیٹ سروس کی طویل ترین معطلی ثابت کرتی ہے کہ حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں ،کشمیری عوام بھارت نواز کشمیری سیاستدانوں سے سخت نالاں ہیں اور انہیں ایسا لگتا ہے کہ سیاستدانوں کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کا پہلے سے علم تھا۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام سے لے کر خواص تک، ہر طبقے کی ایک ہی آواز ہے، کہ بھارتی قبضے نے انہیں شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ رپورٹ میں یہ بھی اعتراف کیا گیا ہے کہ بھارتی اقدامات سے تحریک آزادی کو تقویت ملی ہے کیونکہ حریت پسند ہمیشہ سے کشمیریوں کو خبردار کرتے آئے ہیں کہ نئی دہلی پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔