Thursday, March 28, 2024

مقبوضہ کشمیر کو پابندیوں میں جکڑے 71 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر کو پابندیوں میں جکڑے 71 روز ہو گئے
October 14, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کو پابندیوں میں جکڑے 71 روز ہوگئے ، عالمی دباؤ پر بھارت نے وادی میں محدود پیمانے پر موبائل فون سروس بحال کردی۔بھارتی نیوز ویب سائٹ نے کشمیریوں کی حالت زار پر نئی تصویری رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق کشمیریوں نے اپنا مقدر اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر  میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے ، وادی کی ہر گلی ، ہر سڑک پر قابض فوجی تعینات ہیں،80 لاکھ کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہوکر رہ چکے ہیں۔ مقبوضہ وادی کے مواصلاتی لاک ڈاؤن کو ختم کرانے کیلئے عالمی دباؤ رنگ لانے لگا ، بھارت نے وادی میں موبائل فون سروس بحال کی مگر محدود پیمانے پر ، کئی مقامات پر تاحال سگنلز کا مسئلہ آرہا ہے۔ بھارتی نیوز ویب سائٹ دی وائر نے مقبوضہ وادی کی تصویری رپورٹ جاری کی ہے  جس میں بتایا گیا ہے کہ کشمیریوں نے اپنا مقدر اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے ، یہاں آزادی کی جنگ اب بقا کی جدوجہد میں تبدیل ہوچکی ہے۔ دی وائر کے مطابق آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بھارتی اقدام نے مزاحمتی تحریک کے کمزور پڑنے کی نشانیاں ختم کردی ہیں ، مایوسی کی جگہ طاقتور مزاحمت لے چکی ہے ، جس کی واضح مثال سرینگر کے علاقے صورہ میں دیکھی جاسکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیلٹ متاثرین کا علاج انہی کےعلاقے میں فرسٹ ایڈ جاننے والے  لوگ کرتے ہیں ، کشمیریوں نے بھارتی فوجیوں سے بچنے کیلئے گلیوں میں خندقیں کھودی ہوئی ہیں ، دن رات باری باری پہرے دیے جاتے ہیں ، دی وائر کے مطابق عالمی برادری خاموش ہے مگر کشمیریوں کا اب خاموش رہنے کا کوئی ارادہ نہیں۔