Monday, May 6, 2024

مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنے 100 روز ہو گئے ‏

مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنے 100 روز ہو گئے ‏
November 12, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنے 100 روز ہوگئے ، بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں میں تیزی آگئی ، ضلع گاندربل میں مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا، عرب نیوز چینل الجزیرہ نے وادی کے لاک ڈاؤن پر تصویری رپورٹ جاری کردی۔ مقبوضہ کشمیر  کی جنت نظیر وادی کے 80 لاکھ سے زائد کشمیری 100 روز سے اپنے گھروں میں محصور ہیں ،  وادی کے  چپے چپے پر تعینات نو لاکھ بھارتی فوجیوں نے وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا ڈالا۔ درندہ صفت فورسز نے وحشیانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں ، ضلع گاندربل میں علی الصبح مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کرڈالا ، 48 گھنٹوں میں شہادتوں کی تعداد تین تک جاپہنچی ہے۔ عرب نیوز چینل الجزیرہ نے 100 روزہ لاک ڈاؤن پر تصویری رپورٹ جاری کی ہے جو نہتے کشمیریوں کی بے بسی ، قابض فورسز کے مظالم کا منہ بولتا ثبوت پیش کرتی ہیں۔ الجزیرہ لکھتا ہے تمام تعلیمی اور کاروباری مراکز کے باہر بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات ہے ، کشمیری اپنے حق کیلئے تمام رکاوٹیں توڑ کر احتجاج کررہے ہیں۔ عرب نیوز چینل کے مطابق بھارتی فورسز نہتے مظاہرین کو کچلنے کیلئے پیلٹ گنز کا وحشیانہ استعمال کرتی ہے ، جس کی وجہ سے اب تک لاتعداد افراد زخمی اور نابینا ہوچکے ہیں۔ الجزیرہ نے ایک دکھی ماں کی داستان بیان کی ہے جس کے بیٹے کو بھارتی فورسز نے نو اگست کی رات کو گرفتار کیا تھا ، مختلف فیکٹ فائنڈنگز رپورٹس کے مطابق اب تک تیرہ ہزار سے زائد نوعمر کشمیریوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ الجزیرہ وادی کی صورتحال کا ذکر کرتے لکھتا ہے کہ مسلسل لاک ڈاؤن سے کشمیری ذہنی امراض کا شکار ہورہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات بھی ختم ہوچکی ہیں۔