Sunday, May 12, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 38واں روز، ایک اور کشمیری شہید کردیاگیا

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 38واں روز، ایک اور کشمیری شہید کردیاگیا
September 11, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کو دنیا سے کٹے آج 38واں روز ہے ، سکیورٹی لاک ڈاؤن، کرفیو، ٹیلی مواصلاتی رابطے مسلسل منقطع ہونے سے  مقبوضہ وادی دنیا کے حالات سے مکمل طور پر بےخبر ہے  جبکہ بھارتی فورسز نے ایک اور نہتے کشمیری کو شہید کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر کو دنیا سے کٹے آج 38واں روز ہے ،  بھارتی مظالم ہر حد پار گئے ، ضلع سوپور میں قابض فورسز نے ایک کشمیری نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا جس کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے۔قابض فورسز نے ایک روز قبل اسی علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کے دوران آٹھ نہتے کشمیری نوجوانوں کو دہشتگرد قرار دے کر حراست میں لے لیا تھا۔ نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں ، احتجاج کو روکنے کیلئے بھارتی فورسز نے پابندیوں کو مزید سخت کردیا ہے۔ قابض فوج نے یوم عاشور پر کشمیریوں پر پابندیاں مزید سخت  کیے رکھیں، بلند حوصلہ کشمیری باطل کے سامنے ڈٹ گئے اور کرفیو کے باوجود سرینگر میں محرم الحرام کا جلوس نکالا گیا۔ نہتے کشمیریوں کو غم حسینؑ بھی منانے کی اجازت نہیں، محرم الحرام کے جلوس اور مجالس روکنے کیلئے وادی میں پابندیاں مزید سخت کردی گئی، بھارتی فورسز نے ہر گلی چوراہے کو رکاوٹیں لگا کر بند کررکھا ہے۔ بھارتی فورسز نے ماتمی جلوسوں کو بھی اپنی بربریت کا نشانہ بنا ڈالا ، لاٹھی چارج کیا جس سے درجنوں عزادار زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔ مسلسل پابندیوں کی وجہ سے اسپتالوں میں ادویات ختم ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے وادی میں انسانی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے ، رابطوں کے ذرائع بھی تاحال بند ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ایک اور امریکی رکن کانگریس جوڈی چو نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں خاتون رکن کانگریس کا کہنا تھا بھارت مواصلات پر پابندیاں ختم کرے اور مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کو ہندوستان کے دیگر شہریوں کے مساوی حقوق دے۔