Saturday, May 4, 2024

مقبوضہ کشمیر: کرکٹ میچ سے قبل پاکستان کا ترانہ بجانے پر چار کھلاڑی گرفتار

مقبوضہ کشمیر: کرکٹ میچ سے قبل پاکستان کا ترانہ بجانے پر چار کھلاڑی گرفتار
January 8, 2018

سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرکٹ میچ سے قبل کشمیری نوجوانوں نے ایک بار پھر پاکستانی قومی ترانہ بجا دیا جس پر بھارت کے تن بدن میں آگ لگ گئی اور چار کھلاڑی گرفتار کر لئے گئے ۔
مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے محبت ناقابل معافی جرم بن گیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے والہانہ محبت اور لگاؤ کا اظہار کرتی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔ پاکستان سے کشمیریوں کی والہانہ محبت کے تازہ اظہار کے یہ دلفریب مناظر سری نگر کے ضلع بانڈی پورہ کے ہیں جہاں ایک کرکٹ میچ سے پہلے پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔
میچ میں شریک ایک ٹیم پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی کٹ میں ملبوس تھی۔ پاک سرزمین شاد باد کی آواز گونجی تو کھلاڑی سر جھکائے، ہاتھ باندھے مودب طریقے سے پاکستان کا قومی ترانہ سنتے رہے۔
پاکستان سے والہانہ محبت کی داستان غاصب بھارتی حکام تک پہنچی تو فوری ایکشن کرتے ہوئے میچ میں شامل چار کشمیری کھلاڑیوں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔
مقبوضہ کشمیر میں ظلم کیخلاف آواز بلند کرنے والوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کی جاتی ہے تو پاکستان کا جھنڈا لہرانے اور قومی ترانے پر جھومنے والوں کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
کشمیریوں کی وطن عزیز سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن قابض بھارتی فورسز انوکھے ہتھکنڈوں اور تشدد کے ذریعے کشمیریوں کے دل سے یہ محبت مٹانے کے درپے ہے۔